اسلام آباد (بیوروچیف) سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر موبائل صارفین کو اہم وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں حساس معلومات کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ نوسرباز جدید طریقوں سے شہریوں کو دھوکہ دے کر ان کا ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے احتیاط انتہائی ضروری ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق فراڈ کرنے والے افراد خود کو سرکاری اداروں، بینکوں یا کورئیر کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کر کے شہریوں سے رابطہ کرتے ہیں اور مختلف حیلوں بہانوں سے ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ صارفین کسی بھی مشکوک کال یا ایس ایم ایس پر ہرگز اعتماد نہ کریں اور اپنی نجی معلومات محفوظ رکھیں۔جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ نمبر، ون ٹائم پاس ورڈ (OTP)اور بینکنگ پاس ورڈ کسی صورت کسی کے ساتھ شیئر نہ کیے جائیں، جبکہ نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔مزید برآں شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی، جعلی پیغام یا کال موصول ہو تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔ اس مقصد کے لیے complaint.pta.gov.pkویب سائٹ یا PTA CMS ایپ (گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور) استعمال کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب شہریوں کہ جھوٹے چالان پیمنٹ کے میسجز بھی آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ ایک سائبر جرم ہے اور ایسے کسی بھی پیغام کا جواب نا دیں اور نا ہی کسی بھی لنک کو اوپن کریں تا کہ آپکا ذاتی ڈیٹا محفوظ رہ سکے۔




