نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر موثر بنایا جائے،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت شہری سیلاب (اربن فلڈنگ)، سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ اور سرگودھاشہر کو درپیش مختلف شہری مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، ایم ڈی ستھرا پنجاب اتھارٹی ، ایم ڈی واسا،، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، ایکسیئن ہائی ویز، ایکسیئن کنسٹرکشن فیسکو، صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی، تاجروں کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید بارش کے دوران سٹی روڈ اور کچہری بازار کی متعدد دکانوں کے بیسمینٹس میں بارش کا پانی داخل ہونے کے واقعہ پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔ کمشنر نے فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر زمہ داران کا تعین کرنے اور تادیبی کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں اور تاجروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا مالی نقصان سے بچانا تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر مؤثر بنایا جائے، تمام نالوں اور ڈرینوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، حساس مقامات کی نشاندہی کرکے مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں اور بارش کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کیساتھ فیلڈ میں موجود رہیں۔اجلاس میں سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے پر جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور شہر کی خوبصورتی، صفائی، تجاوزات کے خاتمے، گرین بیلٹس کی بحالی، سڑکوں کی بہتری اور شہری سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔کمشنر سرگودھا نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہری سیلاب کے خطرات کے خاتمے، نکاسی آب کے مؤثر نظام اور شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں