اسلام آباد (بیوروچیف)نئے مالی سال کے بجٹ میں جائیداد پر ٹیکس کا بوجھ کم ہونے کے ساتھ ساتھ ہی بینکوں سے ایک کروڑ روپے تک قرض ملنے سے اپنے گھر کا خواب پورا ہوسکے گا۔ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرزکے سرپرست اعلی محسن شیخانی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 65ہزار افراد بینکوں سے اپنے گھر کے لئے قرض لے سکیں گے، تعمیراتی شعبہ چلے گا تو اس سے منسلک 70انڈسٹریز بھی چلیں گی۔ محسن شیخانی کاکہناہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے رواں مالی سال تعمیراتی شعبے میں بہتری کی امید ہے ،ہائوسنگ سیکٹر کے لیے حکومت کی جانب سے مالی سہولت کا اعلان خوش آئند ہے،بینکوں کی فنانسنگ سے ہائوسنگ انڈسٹری میں سرگرمیاں بڑھنے کی امید ہے،مالی سہولت ملنے سے تعمیراتی شعبے میں تیزی آ سکتی ہے۔ محسن شیخانی کا مز ید کہناہے کہ سیمنٹ اور دیگر تعمیراتی اشیا کی قیمتیں ہائوسنگ سیکٹر کی رفتار پر اثرانداز ہو رہی ہیں، تعمیراتی شعبے کی بحالی کے لیے مسلسل اور مستقل پالیسیوں کی ضرورت ہے،وزیراعظم کے اعلان کردہ ایک کروڑ روپے تک کے قرض سے پہلے سال 65ہزار افراد کو ہائوسنگ فنانس کی سہولت ملنے کی توقع ہے،ہائوسنگ فنانس اسکیم کے لیے آئندہ بجٹ میں رقم بڑھانا ہوگی۔،ایک لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ آمدن والے افراد کے لیے بھی ہائوسنگ فنانس اہم سہولت ہے۔محسن شیخانی کے مطابق تعمیراتی لاگت میں اضافے کے باعث گھروں کی تعمیر پر اخراجات بڑھ رہے ہیں،ہائوسنگ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے تعمیراتی لاگت کم کرنا ضروری ہے،تعمیراتی شعبہ نئے مالی سال میں بحالی کی جانب گامزن نظر آ رہا ہے۔




