نیا موآنہ منڈی میں ٹھیکیدار کی غندہ گردی ،خریدار،بیوپاری پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مویشی منڈی نیاموآنہ میں ٹھیکیدار کی بھتہ وصولی جاری’ ضلعی انتظامیہ کی خاموشی سمجھ سے بالاتر۔ تفصیلات کے مطابق مویشی منڈی نیاموآنہ کا ٹھیکہ سیاسی شخصیت کے سفارشی بااثر ٹھیکیدار ظہیر عباس کو دیا گیا ہے اس نے ضلعی انتظامیہ کی مقررکردہ فیس کے برعکس اپنے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں، ٹھیکیدار کے ملازم 300 روپے سرکاری فیس کی بجائے فی جانور 2000 روپے تک وصول کر رہے ہیں۔ جو بیوپاری اور خریدار زائد فیس دینے سے انکار کرے، ٹھیکیدار کے کارندے اس سے بدتمیزی’ گالم گلوچ اور ہاتھا پائی کرتے ہیں اور گن پوائنٹ پر اس سے اپنی مرضی کی فیس وصول کرتے ہیں، شہریوں کی شکایات اور احتجاج کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا ہے، ایسے لگتا ہے کہ جیسے ضلعی انتظامیہ نے ٹھیکیدار کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، مویشی منڈی میں سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں، پانی اور سایہ کا بھی کوئی انتظام نہیں، بیوپاری گرمی کی شدت سے نڈھال ہو رہے ہیں، سکیورٹی کا مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث بیوپاری اور خریدار دونوں پریشان ہیں۔ شہری وسماجی حلقوں نے ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیکر ”جگا ٹیکس” وصولی پر ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کریں اور منڈی میں سہولیات فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں