نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ ‘پاکستانی طلبہ کی شاندار کارکردگی

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2026 میں پاکستانی نوجوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز جیت لیے۔پاکستانی طالب علم محمد علی نے نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز اپنے نام کیے۔عالمی سطح کے اس سائنسی مقابلے میں پاکستان کی جانب سے چار نوجوان طلبہ نے ملک کی نمائندگی کی۔ اولمپیاڈ میں 19 ممالک سے تقریبا 120 طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی۔پاکستانی ٹیم کی عالمی مقابلے کے لیے تیاری پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر اہتمام کی گئی، جبکہ پیاس یونیورسٹی نے بھی پاکستانی طلبہ کو خصوصی تربیت، رہنمائی اور تیاری میں معاونت فراہم کی۔پاکستانی نوجوانوں کا انتخاب پاکستان نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے ذریعے کیا گیا، جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت نوجوانوں کو تلاش کرکے انہیں عالمی سطح کے سائنسی مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔پاکستانی طلبہ کی کامیابی کو ملک میں نیوکلیئر سائنس اور جدید سائنسی علوم کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نوجوان سائنسدانوں اور انجینئرز کی نئی نسل تیار کرنے کے لیے مختلف تربیتی اور تعلیمی پروگرامز کے ذریعے کردار ادا کررہا ہے۔پاکستان کو 2027 میں چوتھے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی میزبانی بھی مل گئی ہے۔ پاکستان میں عالمی سطح کے اس سائنسی مقابلے کا انعقاد ملک کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جارہا ہے۔پاکستان کی میزبانی سے نہ صرف ملک کے نوجوان سائنسدانوں کو عالمی ماہرین اور طلبہ کے ساتھ براہِ راست رابطے کا موقع ملے گا بلکہ نیوکلیئر سائنس کی تعلیم، تحقیق اور سائنسی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔حالیہ اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ کی شاندار کامیابی اور 2027 کے مقابلے کی میزبانی ملک کی سائنسی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد کا بھی مظہر قرار دی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں