لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے دائر کار کو ضلعی سطح سے بڑھا کر تحصیل سطح تک توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، جس کے تحت پنجاب کی 99تحصیلوں میں بھی واسا کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔محکمہ ہائوسنگ پنجا ب کے ترجمان کے مطابق شہری علاقوں میں کامیاب فلڈ مینجمنٹ کے تجربے کے بعد حکومت نے دیہی علاقوں تک بھی واسا کی جدید خدمات پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نکاسی آب کا نظام مزید مثر اور منظم بنایا جا سکے۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے وزیراعلی کی ہدایت پر متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واسا کی توسیع کے منصوبے پر بلا تاخیر عملدرآمد شروع کیا جائے اور تمام تحصیلوں تک سروسز کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت واسا ایجنسیوں کا نیٹ ورک تحصیل سطح تک وسیع کیا جائے گا، جبکہ ڈی سلٹنگ مہمات، جدید سیوریج پلاننگ اور نکاسی آب کے نئے نظام بھی متعارف کرائے جائیں گے، اس اقدام سے دیہی علاقو ں میں بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام بہتر ہوگا اور شہری طرز کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ترجمان نے بتایا کہ عوامی آگاہی کے لیے خصوصی مہمات بھی شروع کی جائیں گی، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے صفائی، نکاسی آب اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پیغامات بھی عام کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا سروسز کی توسیع سے دیہی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام اور شہری سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی، منصوبے کی سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔




