کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹوریز اب ہر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپ کا ایک لازمی جزو ہے، جس سے صارفین اپنے روزمرہ کے مختلف لمحات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔یہ اسٹوریز 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہوجاتی ہیں۔واٹس ایپ میں اسٹوریز کو اسٹیٹس کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔اگر آپ واٹس ایپ اسٹیٹس استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔واٹس ایپ کی جانب سے اسٹیٹس میں زیادہ دورانیے کے میوزک کلپ کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ابھی بھی صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹس میں میوزک کو ایڈ کرسکتے ہیں جس کا دورانیہ 15 سیکنڈ کا ہوتا ہے۔مگر اب واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو طویل میوزک کلپ استعمال کرنے کا آپشن فراہم کیا جا رہا ہے۔اب واٹس ایپ اسٹیٹس میں 30 سیکنڈ تک طویل میوزک کلپ کو استعمال کیا جاسکے گا۔15 سیکنڈ کا میوزک کلپ ہمیشہ کافی نہیں ہوتا، کچھ گانے زیادہ طویل ہوتے ہیں جبکہ 30 سیکنڈ کے کلپ اسٹیٹس کے دورانیے سے بھی مطابقت رکھ سکیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر اس وقت واٹس ایپ کے محدود صارفین کو دستیاب ہے۔بتدریج اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔




