فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر کی زیرِ صدارت ہنگامی ”بنیان مرصوص ورکرز اجلاس”منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو ناکام بنا دیں گے، پاکستان سنی تحریک ملکی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔ملک کو فرقہ واریت لسانیت اورسیاسی گروہ بندی کی لعنت سے نجات دلانے کا وقت آچکا ہے اور پاکستان کو فرقہ واریت کی دلدل میں جانے سے روکنا ہوگا۔ تمام مذہبی، سیاسیاور سماجی طبقات کو بھرپور اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ذاتی، سیاسی اور مذہبی اختلافات سے بالاتر ہو کر سب کو پاکستانی پرچم تلے متحد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران جنگ میں پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ امریکہ کو ایران کا وار صدیوں یاد رہے گا۔ ایران جب بھی ایٹمی تجربات کرے گاپاکستان کے عوام ایران کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان کے بعد ایران میں اپنی عبرتناک شکست کا الزام پاکستان پر مت لگائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور اس کی ہر سازش کا مل کر اور ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ نسلِ نو ہمارا مستقبل ہے، اس لیے ان کی تعلیم، صحت اور تربیت پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ملکی سلامتی، امن اور قومی یکجہتی کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر ہنگامی ”بنیان مرصوص ورکرز اجلاس” سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک میں ہم آہنگی، بھائی چارگی اور اخوت کو فروغ دینے کے لیے باہمی نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا۔




