اسلام آباد (بیوروچیف)ایکسائز نے ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹوکن ٹیکس اور ای پی اے چالان کی وصولی بھی ٹریفک پولیس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کے مطابق ون ایپ کے ذریعے اب نہ صرف ٹریفک چالان بلکہ مختلف محکموں کی دیگر سرکاری وصولیاں بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر ممکن ہوں گی۔ یہ نظام اگلے ہفتے سے صوبہ بھر میں مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ ون ایپ میں 9مختلف محکموں کا مربوط ڈیٹا شامل کیا گیا ہے، جس کی مدد سے گاڑی کا نمبر یا نمبر پلیٹ کی تصویر ڈالنے پر فورا تمام واجبات کی تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایپ پہلے ہی دو ماہ سے ڈیجیٹل چالاننگ کے لیے کامیابی سے استعمال ہو رہی ہے، اور اب اسے مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ دیگر سرکاری ادائیگیاں بھی اسی سسٹم کے ذریعے وصول کی جا سکیں۔نئے نظام کے تحت چالان یا ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی پی ایس آئی ڈی (PSID)کے ذریعے متعلقہ ادارے کے اکانٹ میں براہِ راست منتقل ہو جائے گی، جس سے شفافیت اور رفتار میں اضافہ ہوگا۔ڈی آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں دیگر سرکاری اداروں کو بھی اس سسٹم تک رسائی دی جائے گی، جس کے لیے انہیں لاگ اِن اسناد فراہم کی جائیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام گاڑیوں سے متعلق واجبات کی معلومات اور ادائیگی کی سہولت میسر آئے گی۔




