فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق’ 6افراد بری طرح زخمی ہو گئے’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق 449 گ ب سمندری کا رہائشی 45 سالہ ظفر اﷲ ولد محمد انور دودھ فروخت کرنے کیلئے موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ لیاقت پارک کے قریب یوٹرن لینے لگا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ دوسرا حادثہ سرگودھا روڈ پر پل ڈینگرو کے قریب پیش آیا جہاں پر چنگ چی رکشہ پر سوار خواتین 4چک کی طرف جا رہی تھی کہ پل ڈینگرو کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل رکشہ کو ٹکر مار دی۔ جس کے باعث رکشہ ڈرائیور 22سالہ عدنان ولد شبیر احمد اور مسافر خواتین 30 سالہ سمرین زوجہ نواز’ 40سالہ سمیعہ جوش زوجہ جوش’ 60سالہ ملکھانی بی بی زوجہ ظفر’ 24سالہ ردا علی زوجہ نوشیر’ 40سالہ شمیم زوجہ انور اور 30 سالہ نسرین زوجہ شہباز بری طرح زخمی ہو گئی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں پر 30 سالہ سمرین بی بی زوجہ نواز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں ثنا ئ۔چنیوٹ (نامہ نگار) ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ‘بیٹا جاں بحق۔ سرگودھا روڈ چناب نگر کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا میں سے 17سالہ بیٹا عالیان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا باپ 42سالہ مظہر حسین ولد عطا محمد زخمی ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اور ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دریں ثنائ۔جڑانوالہ(نامہ نگار) سوئمنگ پول سے نہا کر واپس گھر آتے ہوئے مبینہ طور پر ون ویلنگ کرنے کے دوران موٹر سائیکلیں ٹکرانے سے 2نوجوان جاں بحق ہو گئے،اچانک 2ہلاکتوں پر گھروں میں کہرام مچ گیا اور پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے رہائشی ارسلان اور تصور سعید اپنے دوستوں کے ساتھ نجی سوئمنگ پول پر نہانے گئے اور واپس آتے ہوئے مبینہ طور پر ون ویلنگ کرنے کے دوران جڑانوالہ لاہور روڈ پر ڈنفیس ہائوسنگ سوسائٹی کے قریب موٹر سائیکلیں بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرانے سے دونوں نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع پر ریسکیو 1122اور پولیس تھانہ سٹی نے جائے حادثہ پر پہنچ کر جاں بحق ہونیوالے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالہ کر دیا ہے۔ 2نوجوانوں کی اچانک ہلاکت پر گھروں میں کہرام مچ گیا اور پورے علاقے کو فضا سوگوار ہو گئی




