فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے کینال روڈ پر ون ویلنگ، ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائیں اور گرفتار ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے مطابق ون ویلنگ ایک جان لیوا سرگرمی ہے جو نہ صرف خود موٹر سائیکل سوار کی زندگی بلکہ دیگر شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں سے سڑکوں پر حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اور شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے واضح کیا ہے کہ ون ویلنگ اور سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے یا شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں، سے اپیل کی ہے کہ وہ ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے اجتناب کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔




