فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔ ٹریفک وارڈن عاکف رحمان، انچارج گلبرگ نے کارروائی کرتے ہوئے احمد چیمپئن کو گرفتار کیا۔ ملزم نہ صرف فیصل آباد بلکہ دیگر شہروں میں بھی ون ویلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل کینال روڈ پر ون ویلنگ کے دوران گر کر زخمی بھی ہو چکا ہے۔ملزم کے خلاف تھانہ رضا آباد میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی جبکہ ملزم اور موٹر سائیکل کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا کی ہدایات پر شہر بھر میں ون ویلنگ، تیز رفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو اپنی اور دوسروں کی قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔




