سٹیلڈ لائنوں کی مرمت اوربحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سیوریج سے متعلق عوامی شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ سیٹلڈ لائنوں کی مرمت اور بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ آپریشنز ڈائریکٹوریٹس کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز پر تبدیل کی جانے والی مشینری انسٹال کرنے کیلئے عملی اقدامات جلد مکمل کئے جائیں تاکہ نئی مشینری کی انسٹالیشن سے ڈسپوزل اسٹیشنز کی کیپسٹی میں اضافہ کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سیوریج کی معیاری اور بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ہیلپ لائن، پنجاب واسا سمیت دیگر پورٹلز پر درج کروائی جانے والی شکایات کا بروقت ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے کیونکہ عوام کی شکایات کا بلا تاخیر ازالہ ہی محکمہ کی کامیابی اور شہریوں کے اعتماد کی ضمانت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس بھی ڈپٹی ڈائریکٹر کے متعلقہ علاقہ میں کوئی سیوریج لائن سیٹلڈ ہے اس کی مرمت اور بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں کیونکہ سیوریج لائن کی مکمل بحالی سے ہی سیوریج مسائل کا حل ممکن ہو گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام آپریشنز افسران اپنے متعلقہ عوامی نمائندوں سے مشاورت سے کام کریں تاکہ عوامی مسائل بروقت حل ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں