ون ویک ون تحصیل صفائی آپریشن شروع کرنیکا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف ستھرے اور خوبصور ت پنجاب کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صد یق نے ون ویک،ون تحصیل کے تحت ہر بدھ ضلع کی ایک تحصیل میں جامع صفائی آپریشن شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے باہمی اشتراک سے مربوط صفائی پلان مرتب کیا جائے گاجس کے تحت صفائی ستھرائی، شہری سہولیات کی بہتری، سڑکوں کی بحالی اور شہر کی خوبصورتی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ آپریشن ہر بدھ صبح 7 بجے شروع ہو کر رات تک جاری رہے گا۔اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مراد حسین نیکوکارہ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورائیہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، سمندری اور چک جھمرہ کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کارپوریشنز کے چیف آفیسرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ون ویک، ون تحصیل کا بنیادی مقصد تمام متعلقہ محکموں کے وسائل اور افرادی قوت کو یکجا کرکے ہر ہفتے ایک تحصیل میں صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت محض کوڑا اٹھانے تک محدود رہنے کے بجائے صفائی، نکاسی آب، سڑکوں کی بہتری، تجاوزات کا خاتمہ،ٹریفک سے متعلق بنیادی سہولیات اور شہر کی خوبصورتی کے تمام ضروری امور کو ایک جامع حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے، واسا، ستھرا پنجاب، پیرا، ہائی وے، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشنز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مشینری، گاڑیوں، ڈرائیورز، ہیومن ریسورس اور فیلڈ سٹاف پر مشتمل خصوصی آپریشنل یونٹس تشکیل دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں