ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات پر ضلع بھر میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو خود نگرانی کر رہے ہیں اور انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے گوجرہ شہر کے مختلف میرج ہالز کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے میرج ہالز کے منتظمین پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈش پالیسی کا مقصد شادی بیاہ کی تقریبات میں فضول خرچی کو روکنا اور سادگی کو فروغ دینا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے بھی تمام میرج ہال مالکان اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی پالیسی پر عمل کریں تاکہ قیمتی وسائل کا ضیاع روکا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے آئندہ بھی میرج ہالز کی باقاعدگی سے نگرانی جاری رکھی جائے گی۔




