فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری جاوید شریف نے وزیر خزانہ سے زوردار مطالبہ کیا ہے کہ ویونگ سیکٹر کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن کے لیے ایکسپورٹ سیکٹر کی طرز پر بغیر سود کے آسان قرضے فراہم کیے جائیں اور لوکل انڈسٹری کو بچانے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔ انہوں نے چائنہ سے کپڑے کی امپورٹ پر بھی فوری اور مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے اعلی سطح کے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئر مین فیڈمک رانا اظہر وقار، سینئر وائس چیئر مین عمر فاروق کاہلوں، وائس چیئر مین خرم شہزاد، سر پرست اعلیٰ جاوید صادق کاہلوں، چوہدری محمد نواز، اعجاز ناگرہ، عامر نثار ،خالد عزیز،رانا عامر جاوید،ادریس سدھے شیخ،سعید بھٹی اور دیگر بھی اس موقع پر موجودتھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری جاوید شریف نے کہا کہ مقامی پاور لومز انڈسٹری اس وقت شدید بحران اور مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مقابلے کی صلاحیت برقرار رکھنے اور پیداواری معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید مشینری کی اشد ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ ویونگ سیکٹر کو بھی ایکسپورٹ سیکٹر کی مانند بلا سود اور آسان شرائط پر قرضہ جات کی سہولت فراہم کرے۔




