ترقیاتی منصوبوں کے دوران درختوں کی منتقلی کیلئے3باغات مختص

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)نے ترقیاتی منصو بو ں کے دوران درختوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے منتقل کیے جانے والے درختوں کے لیے شہر کے تین باغات میں خصوصی مقامات مختص کر دیے۔ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق باغِ جناح فیصل آباد میں 166، دھوبی گھاٹ باغ میں 127 جبکہ کلیم شہید باغ میں 59 درخت منتقل کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح تینوں باغات میں مجموعی طور پر 352درختوں کی منتقلی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مزید 443درختوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔احمد عثمان جاوید کا کہنا ہے کہ درختو ں کی منتقلی کے لیے خزاں کا موسم موزوں ہے، کیونکہ اس موسم میں نسبتا ٹھنڈا درجہ حرارت درختوں پر منتقلی کے باعث پڑنے والے دبا کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران درختوں کا تحفظ حکومتی ماحولیاتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ درختوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مقصد ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ ماحول کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں