راولپنڈی (بیورو چیف)پاکستان نے ہوم ٹرائی سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں عرفات منہاس کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 87رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے راہ ہموار کر لی ہے، پاکستان نے مقررہ50اوورز میں نورکٹوں کے نقصان پر 302رنز بنائے ،ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 38.4اوورز میں 215رنز پر ڈھیر ہو گئی،عرفات منہاس مین آف دی میچ قرار پائے ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس پر پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ عرفات منہاس 59، فہیم اشرف 39، سعد بیگ 35، بابر اعظم 34، سلمان علی آغا 16، صائم ایوب 8، شاہین شاہ آفریدی 10(ناٹ آئوٹ)، حارث رئوف4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ نسیم شاہ ایک رن بنا سکے، فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ انگلینڈ کی طرف سے سونی بیکر نے 3 اور گس اٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس میں ٹام بینٹن 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بین ڈکٹ 45، جو روٹ 33، سیم کرن 27، ول جیکس 19، جورڈن کاکس 18، گس اٹکنسن 7، ہیری بروک 5، جیمی اوورٹن ایک اور عادل رشید صفر پر آئوٹ ہوئے جبکہ سونی بیکر ایک رن کے ساتھ ناٹ آ ئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے جادوئی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور انگلش بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی جبکہ حارث رئوف نے دو اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عرفات منہاس کو ان کی بہترین آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔




