واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کے قریب ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تہران کسی بھی طرح معاہدہ کرنا چاہتا ہے، مداخلت نہ کرتا تو اس وقت ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے، انہیں ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دینگے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچ رہا، اس کی ضرورت بھی نہیں ہے، آنے والے 2 دن انتہائی اہم اور غیر معمولی ہوں گے، ایران جنگ کا اختتام کسی بھی صورت میں ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران سے معاہدہ زیادہ بہتر آپشن ہے، معاہدے کی صورت میں ایران کو دوبارہ تعمیر کا موقع ملے گا، ایران میں اب ایک مختلف نظام قائم ہو چکا ہے، انتہا پسند عناصر کو ختم کر دیا گیا ہے اور وہ اب موجود نہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ اگر میں صدر نہ ہوتا تو دنیا تباہی کا شکار ہو چکی ہوتی، نیٹو اتحاد امریکا کیلئے موثر ثابت نہیں ہوا، نیٹو نہ ماضی میں امریکا کے ساتھ کھڑا ہوا اور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔دوسری جانب تہران پاکستان میں مذاکرات کے دوسرے رائونڈ کیلئے آمادہ ہوگیا ہے، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے ایران کی ترجیح پاکستان ہی ہوگا۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے پہلے دور کے بعد ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور وزیر خارجہ دونوں نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔




