فیصل آباد /جڑانوالہ (سٹاف رپورٹر /نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق’ 5زخمی جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ پر خانوآنہ کے قریب ٹرالر ٹائر پنکچر ہونے پر سڑک کنارے کھڑا تھا۔ کنڈیکٹر 40سالہ اﷲ دتہ اپنے دیگر ساتھیوں 45سالہ ریاض’ 25سالہ عمر اور 40سالہ عدیل کے ہمراہ ٹائر تبدیل کر رہا تھا کہ اسی دوران عقب سے آنیوالا تیز رفتار ٹرالر کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گیا اور چاروں کو کچل دیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو کنڈیکٹر اﷲ دتہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ دوسرا حادثہ جڑانوالہ ستیانہ روڈ پر پیش آیا، جہاں پر 34 گ ب کا رہائشی عثمان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ 35 گ ب کے قریب تیز رفتاری کے باعث گدھا ریڑھی سے ٹکرا کر لقمہ اجل بن گیا۔ تیسرا حادثہ جھنگ روڈ پر رشیدآباد گو پٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 26سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا جبکہ بس میں سوار شدید جھٹکا لگنے سے 58سالہ ذوالفقار علی ولد غلام قادر اور 20سالہ ابوبکر ولد شاہد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے نعش تھانہ ائیرپورٹ پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں 227 رب کا رہائشی محمد عظیم عباس موٹرسائیکل پر شیخوپورہ روڈ پر فیکٹری میں ڈیوٹی کرنے جا رہا تھا کہ جب وہ 205 رب کے قریب پہنچا تو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے عظیم عباس بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے نامعلوم قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔تاہم پولیس حقائق جاننے کے لئے تفتیش کر رہی ہے۔




