فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالفطر’ ٹرو اور مرو کے روز ٹریفک حادثات میں 3ماہ کی بچی سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ ڈولفن اہلکاروں سمیت چار سو سے زائد مرد وخواتین اور بچے بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے مضروبان کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اڑھائی سو کے لگ بھگ افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ عیدالفطر کے تینوں ایام میں منچلے نوجوانوں نے شہر کی شاہراہوں پر اودھم مچائے رکھا، تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 16سالہ احمد رضا زندگی کی بازی ہار گیا، ڈجکوٹ روڈ پر تیز رفتار کے باعث دو موٹرسائیکلیں آمنے سامنے سے ٹکرانے سے 3ماہ کی بچی کومل سڑک پر گر پڑی سر میں شدید چوٹ آنے سے دم توڑ گئی، شیخوپورہ روڈ پر 200 رب لاٹھیاں والا کے قریب ون ویلنگ کرتے ہوئے 20سالہ نوجوان احمد موٹرسائیکل سلپ ہونے سے سر میں شدید چوٹ لگنے سے چل بسا، سمندری کے علاقہ رجانہ روڈ پر کم عمر 12سالہ علیان عمران ولد عمران تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل سلپ ہونے سے سڑک پر گرا تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار بس نے کچل دیا، تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ مکوآنہ بائی پاس کے قریب جڑانوالہ سے آتے ہوئے عوامی کالونی کا رہائشی علی عباس ولد گلزار شاہ گاڑی کو بچاتے ہوئے موٹرسائیکل سے گر کر زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ اسکی والدہ اور دو بیٹے بری طرح زخمی ہو گئے۔ سمندری روڈ پر دربار دالووال کے قریب تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 70 ج ب ک قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار خاتون حنیفاں بی بی زندگی کی بازی ہار گئی۔ جبکہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں تیز رفتار کے باعث ڈولفن اہلکار اسد اور ریحان موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق عید’ ٹرو اور مرو کے ایام کے دوران شہر بھر کے مختلف علاقوں میں 300 سے زائد ٹریفک حادثات کے دوران ساڑھے چار سو سے زائد مرد وخواتین بری طرح زخمی ہو گئے، سوا دو سو کے قریب شدید زخمی ہونے والوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جبکہ دیگر کو موقع پر مرہم پٹی کے بعد گھروں کو بھیج دیا۔




