ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پروبیشن آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے پروبیشنرز کی اصلاح، بحالی اور انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے کے مقصد کے تحت روڈ سیفٹی سے متعلق ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر طاہرہ سندھو کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا، جس میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے افسران نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس محمد افتخار علی اور آئی پی/ایس پی او محمد عثمان نے پروبیشنرز کو ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، رفتار کی پابندی اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے اور ذمہ دارانہ رویہ ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر طاہرہ سندھو نے کہا کہ محکمہ پروبیشن کا مقصد صرف نگرانی تک محدود نہیں بلکہ پروبیشنرز کی کردار سازی، سماجی بحالی اور مثبت رویوں کے فرو غ کو یقینی بنانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرام افراد کو قانون کا احترام کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔




