ٹریفک پولیس کو کریمنل ریکارڈ ہولڈرز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل

لاہور ( بیورو چیف)لاہور ٹریفک پولیس کو بھی اب کریمنل ریکارڈ ہولڈرز (سی آر او)کے ڈیٹا اور پولیس ایپس تک رسائی حاصل ہو گئی، جس کے بعد ٹریفک پولیس کے لیے ڈرائیورز کا مجرمانہ ریکارڈ موقع پر چیک کرنا ممکن ہو جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک پولیس کو پولیس ایپس اور ڈیٹا بیس تک رسائی دینے کی درخواست کی تھی، جس پر ڈی آئی جی آئی ٹی پنجاب نے ابتدائی طور پر مخصوص ٹریفک وارڈنز کو رسائی دے دی ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ ماہ 10ہزار کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے کوائف شناختی کارڈ کے ذریعے چیک کیے گئے، جن میں سے 2ہزار 50ڈرائیورز 3ہزار 700مقدمات میں مطلوب یا سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلے۔نئے نظام کے تحت کسی ڈرائیور کا مجرمانہ ریکارڈ سامنے آنے پر متعلقہ تھانے کو فوری الرٹ جاری کیا جائے گا۔ حکام کیمطابق متعدد ڈرائیورز سے مال مسروقہ بھی برآمد ہوا، جبکہ بعض سزا یافتہ ہونے کے باوجود دوبارہ جرائم میں ملوث پائے گئے۔ٹریفک پولیس کے مطابق کریمنل ریکارڈ رکھنے والے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے اور انہیں فوری گرفتار کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب دیگر صوبوں کے کریمنل ریکارڈ آفس (سی آر او)کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں، تاکہ مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے ڈرائیورز کا ریکارڈ بھی بروقت چیک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں