سرگودھا (بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ انیشیٹو کے تحت ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات پر ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کی ایمرجنسی میں 40 نئے بیڈز کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ایمرجنسی کی مجموعی گنجائش بڑھ کر 60 بیڈز ہوگئی ہے۔ توسیع کے بعد ایمرجنسی میں 40 بیڈز سرجیکل جبکہ 20 بیڈز میڈیکل مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ایمرجنسی کی توسیع سمیت گزشتہ دورے کے دوران جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، پرچی کاؤنٹر، وارڈز، پیتھالوجی لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا معائینہ کیا۔ انہوں نے نئی جگہ منتقل کی گئی پیتھالوجی لیبارٹری کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات، انتظامات اور لیبارٹری کی فعالیت کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نے چند روز قبل ہسپتال کے دورے کے دوران ایمرجنسی میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر اس کی توسیع کی ہدایت کی تھی۔ جس پر پیتھالوجی لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کو متبادل مقامات پر منتقل کرکے ایمرجنسی کے لیے اضافی جگہ مختص کی گئی، جس سے 40 نئے بیڈز کی گنجائش پیدا ہوئی۔ڈپٹی کمشنر ایمرجنسی میں جاری انتظامی اقدامات، مریضوں کی سہولت کے لیے نصب معلوماتی بورڈز، سائن ایج اور صحت عامہ سے متعلق آگاہی پیغامات کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، طبی عملے کی دستیابی اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کیلیے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی استعداد بڑھانے اور سہولیات کی بہتری کے اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز چوہدری محمد اکمل، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔




