لاہور (بیوروچیف) ٹریفک پولیس نے رواں مالی سال کے پہلے ڈھائی ماہ میں 9ارب 90کروڑ سے زائد کی وصولیاں کرلیں۔ وصولیا ں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنسزاور ای چالانز کی مد میں کی گئیں۔ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر پونے4ارب سے زائد کے جرمانے کئے ، 2 ارب 84لاکھ سے زائد کی وصولیاں ڈرائیونگ لائسنس کی فیس کی مد میں کی گئیں جبکہ 3ارب 90 کروڑ سے زائد کی پنجاب بھر میں ای چالانز کی زیر التوا ریکوری کی گئی۔ذرائع کے مطابق موٹر وہیکل ایکٹ میں ترامیم کے بعد جرمانوں میں اضافے سے وصولیاں زیادہ ہوئیں،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر وارڈنز ڈیجیٹل چالانز کا اجرا کر رہے ہیں،ای چالانزکی ریکوری کیلئے ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیمیں پنجاب بھر میں کام کررہی ہیں،پنجاب بھر میں 15ارب سے زائد کی وصولیاں ای چالانز کی مد میں زیر التوا ہیں۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر لاہور سمیت صوبہ بھر سے پونے4ارب سے زائدکیجرمانے کئے گئے۔




