لاہور(بیوروچیف)ٹریفک چالان جمع کروانے کے بجائے نیا شناختی کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے ڈیفالٹر شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔ ٹریفک پولیس نے زیرِ التوا ڈیجیٹل چالان جمع نہ کروانے والوں کو عدالتی سمن بھجوانے شروع کر دیے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق 10 روز کے اندر ڈیجیٹل چالان جمع نہ کروانے پر جرمانہ ڈبل ہو جاتا ہے، جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں چالان متعلقہ عدالتوں کو منتقل کر دیے جاتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈبل جرمانے ہونے کے باعث متعدد شہری اپنی ضبط شدہ دستاویزات واپس لینے کیلیے عدالتوں سے رجوع نہیں کر رہے تھے، جس کے بعد اب 10 روز کی مہلت گزرنے پر بھی چالان جمع نہ کروانیوالے شہریوں کو عدالتی سمن بھجوائے جائیں گے۔پولیس کے مطابق زیرِ التوا ڈیجیٹل چالان اور ضبط شدہ دستاویزات کی تعداد تقریبا 8 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔عدالتی سمن کے ذریعے شہریوں کو چالان کی ادائیگی کرکے اپنی ضبط شدہ دستاویزات واپس لینے کا حکم دیا جائے گا، جبکہ عدالتی سمن کے باوجود چالان جمع نہ کروانے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




