ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہریوں کو جدید تفریحی، کھیلوں اور بلدیا تی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے چیف آفیسر ضلع کونسل کاشف محمود، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری کاموں کی پیش رفت، معیار اور مقررہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے تاریخی ٹیکو پارک میں جاری اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت جدید واکنگ ٹریک، گزیبوز، بچوں کیلئے نئے جھولے، بینچز، ٹف ٹائلز اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پارک میں موجود تاریخی یادگاروں کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔بعد ازاں انہوں نے گنج شکر پارک کا دورہ کیا جہاں نوجوانوں کیلئے جدید ایرینا سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ کمپلیکس میں کرکٹ ایرینا، فٹسال کورٹ، پیڈل کورٹ اور اوپن ایئر جم جیسی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




