ٹوبہ میں کسان کارڈ کی ریکوری 100فیصد رہی ہے،ڈپٹی کمشنر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزر ی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے زرعی شعبے کی مجموعی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، لائیوسٹاک، آبپاشی، فصلوں کی صورتحال اور کسان دوست اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع)گلزار شاہد نے ضلع میں گندم، کپاس اور چاول کی کاشت کے اہداف، ان کے حصول کے لیے جاری اقدامات اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست پروگرا موں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم، زرعی انٹرن شپ پروگرام، توسیعی سرگرمیوں اور دیگر زرعی منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے جبکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کسان کارڈ کی ریکوری 100 فیصد رہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کھادوں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بائیو لیب میں مفید کیڑوں کی افزائش کے ذریعے ماحول دوست کاشتکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے زرعی ادویات کے استعمال اور اخراجات میں کمی جبکہ فصلوں کی بہتر پیداوار کی توقع ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پانی اور زمین کے ٹیسٹ کے لیے موبائل لیب کسانوں کو موقع پر سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ سانجھی سبزی مفت سبزی سکیم اور اپنا روزگار سکیم کے تحت مختص زمینوں پر مٹی اور پانی کی سیمپلنگ بھی جاری ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حنا ظفر نے مویشیوں کی ویکسینیشن مہم، ویٹرنری ہسپتالوں کی کارکردگی اور محکمانہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کسان نمائندگان سے زرعی مسائل، درپیش مشکلات اور تجاویز بھی سنیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، کھادوں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، جبکہ فصلوں کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے اور آبپاشی کے پانی کی بروقت فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکمے موثر اقدامات یقینی بنائیں تاکہ زرعی پیداوار میں مزید اضافہ اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں