ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) شہر کے بعض ہوٹلوں میں مبینہ طور پر مہنگے داموں ناقص اور غیر معیاری کھانیکی فروخت کے ساتھ صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دال کی ایک پلیٹ کے 250روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ دال پلیٹ سے کم ہوتی ہے اور سلاد رائتہ مبینہ طور پر دو دو دن پرانا اور بدبودار دیا جاتا ہے، شہریوں کے مطابق بعض ہوٹلوں میں بچ جانے والے سالن کو مبینہ طور پر اگلی صبح دوبارہ گرم کرکے فروخت کرنے کی شکایات بھی ہیں دوسری جانب ہوٹلوں میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ برتنوں کی مناسب صفائی نہ ہونیکی شکایات بھی شہریوں کی جانب سے سامنے آ رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ بھاری قیمتیں وصول کرنے کے باوجود اگر صاف ستھرا ماحول صاف برتن اور تازہ کھانا بھی میسر نہ ہو تو یہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے ناقص خوراک سے شہریوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے ہوٹلوں کا اچانک معائنہ کیا جائے، صفائی برتنوں اور کھانے کے معیار کوچیک کیا جائے اور شکایات درست ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، سوال یہ ہے کہ شہریوں کی صحت اور صفائی کے معاملے پر متعلقہ ادارے کب عملی کارروائی کریں گے۔




