لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے پیمانے پرآپریشن کی تیاری کر لی، ٹیسٹ کپتانی میں تبدیلی زیر غور ہے، شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ذمہ داری سونپنے کا قوی امکان ہے، کوچنگ سیٹ اپ میں بڑے رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر انتظامی اور دیگر سطح پر اہم تبدیلیوں کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے جس میں قومی کرکٹ کے نظام، اہم عہدوں اور ٹیم معاملات پر بڑے فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی بھی زیر غور ہے، شان مسعود کو ذمہ داریوں سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ان کی جگہ آل رائونڈر سلمان علی آغا کو قیادت سونپنے پر غور ہونے لگا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ اجلاس میں متوقع ہے. یاد رہے کہ شان مسعود کو 2023 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا، ان کی قیادت کا آغاز3-0 کی شکست سے ہوا، مجموعی طور پر انہوں نے اب تک 16 ٹیسٹ میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالی، چار میں کامیابی ملی جبکہ 12 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، حالیہ دورہ بنگلہ دیش میں بھی قومی ٹیم کو 2-0 سے خفت کا سامنا کرنا پڑا۔




