فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرچیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا انتخاب احمد نوری وزیراعلیٰ کا ”باہمی رواداری اور ہم آہنگی” کا پیغام لیکرفیصل آباد آئے اور کمشنر عمران حامد شیخ کے ہمراہ کمشنر آفس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق،دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔اجلاس میں امن کمیٹی کے ارکان مفتی ضیا مدنی،علامہ طاہر الحسن،مولانا حافظ مقبول،خواجہ شاہد رزاق سکا،عاشق حسین رضوی،مولانا محمد حفیظ،اسلم بھلی اور دیگر شریک تھے۔کمشنر فیصل آباد نے چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈویژن میں امن و امان،باہمی اتحاد و اتفاق،بھائی چارہ،یگانگت کی مثالی فضا پر اطمینان،سکون اور تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام آپس میں شیرو شکر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں امن کا قیام ترجیحات میں سرفہرست ہے اور کسی کو پائیدار امن میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔انہوں نے علماء کرام سے کہا کہ وہ اسی طرح متحد رہیں تاکہ کسی شر پسند کو شرارت کا موقع نہ رہے۔انہوں نے ضلع جھنگ میں 4 دہائیوں بعد ایف آئی آر فری محرم الحرام کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسی پریکٹس پر پورے ڈویژن میں عملدرآمد ناگزیرہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق فیصل آباد کو پرامن ڈویژن بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب نے ڈویژنل امن کمیٹی کو محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر مبارکباد دی اور چہلم محرم پر بھی اسی طرز کے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے علماء کرام کو گرانقدر تعاون پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امن کا مسلسل قیام ہی موجودہ پنجاب حکومت کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی کے بعد پاکستان کانمایاں تشخص دنیا پر واضح ہوا جو وطن دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا کہ وطن کی سالمیت پر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کے کندھے سے کندھا ملا کر وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔اجلاس میں شریک امن کمیٹی کے ارکان اور علماء کرام نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ چہلم محرم پر بھی بھائی چارے اور باہمی یگانگت کی مثالی فضا قائم رکھی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر وطن عزیز کی سربلندی،اتحاد و اتفاق کے قیام کی دعا کی گئی۔




