فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ پر مزدا ٹرک نے سڑک عبور کرتے 9سالہ بچے کو کچل دیا اور شوگر موڑ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق’ ساتھی بری طرح زخمی ہو گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کینال روڈ پر 208 چک کا رہائشی 9 سالہ بچہ مزمل سڑک عبور کرنے لگا تو تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جہاں وہ دم توڑ گیا جبکہ 202 رب بھائی والا کا رہائشی 25سالہ شہباز ولد محمد بوٹا اپنے دوست 27سالہ زکریا ولد نعیم کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ شوگر موڑ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو شہباز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا، نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمی کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔




