پانی کے مکمل نکاس تک تمام مشینری اور عملہ مسلسل متحرک رکھا جائے

سرگودھا(بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تحصیل بھلوال میں دیوال اور سالم ڈرین میں بارشی پانی کے شدید دبائوکے باعث متاثرہ آبادیوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے ریسکیو، ریلیف اور بحالی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنیکی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیوال اور سالم ڈرین کے کیچمنٹ ایریا میں غیر معمولی بارشوں کے باعث پانی کا بہاؤ ڈرینو ں کی گنجائش سے بڑھ گیا، جسکے نتیجے میں دونوں ڈرین اوور فلو ہو گئیں اور قریبی رہائشی آبادیوں اور زرعی اراضی میں پانی داخل ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ دیوال ڈرین کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ سالم ڈرین کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔ مزید برآں دیوال ڈرین کے پانی کا رخ سالم ڈرین کی جانب موڑ دیا گیا ہے، جس سے پانی کا نکاس شروع ہو گیا ہے اور متاثرہ کھیتوں اور آبادیوں سے پانی کے اخراج میں تیزی آ رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پانی کے مکمل نکاس تک تمام مشینری اور عملہ مسلسل متحرک رکھا جائے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کا معائینہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کچی دیواروں اور خستہ حال مکانات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، مویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرین کی سہولت کے لیے دو عارضی ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جن میں ایک گورنمنٹ ہائی سکول دیوال جبکہ دوسرا سالم میں قائم کیا گیا ہے کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی، ادویات، رہائش اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں