راولپنڈی (بیوروچیف) اسپین کے سفیر کارلوس آراگون گل ڈی لا سرنا نے کہا ہے کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔اسپین کے سفیر کارلوس آراگون گل ڈی لا سرنا نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے دورے کے دوران تاجروں سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون بڑھانے کے مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کو حالیہ پاک اسپین مشاورت کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا گیا، جس میں زراعت کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر غور کیا گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم زرعی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔ پاکستان نے اسپین کی مار کیٹ میں چاول، ایتھنول، آلو اور مکئی کی برآمدات بڑھانے کے امکانات کی بھی نشاندہی کی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل مصنوعات پہلے ہی اسپین کو پاکستان کی اہم برآمدات میں شامل ہیں۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے اسپین کے سفیر کو پاکستان میں تیار کیا گیا فٹ بال پیش کیا جو فیفا ورلڈ کپ کیلئیتیار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستا ن کی عالمی معیار کی کھیلوں کا سامان تیار کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔ اسپین کے سفیر نے آر سی سی آئی کی یومِ آزادی کی تقریبات اور کیک کاٹنے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔




