پاکستان اور امریکہ میں تجارتی فریم ورک معاہدے پر پیشرفت

بنکاک (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کے سفیر یون سے ملاقات کی جس میں تجارت، توانائی، اہم معدنیات اور سرمایہ کاری میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کے سفیر یون سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں تجارتی فریم ورک معاہدے پر پیش رفت اور امریکہ سے درآمدات میں اضافے کے ذریعے توانائی کے ذرائع میں تنوع لانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے ایندھن کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے اور کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔انسدادِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام (AML/CFT)کے انتظامات، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF)سے متعلق پیشرفت اور امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC) اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے ذریعے منصوبوں کی مالی معاونت پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ خزانہ نے ریکو ڈک منصوبے، اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون، منصوبے کی سلامتی اور نجی سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔ملاقات میں بوئنگ طیاروں کی خریداری اور مالی معاونت، ہوا بازی سے متعلق منظوریوں، ڈیجیٹل اثاثوں کے ضابطہ جاتی نظام اور ترسیلاتِ زر اور یورو بانڈز کے ٹوکنائزیشن کے ممکنہ استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں