پاکستان میتھ کانٹیسٹ فال 2026کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پاکستان میتھ کانٹیسٹ فال 2026 کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جماعت چہارم سے ہفتم تک کے طلبہ و طالبات اس مفت مقابلے میں حصہ لے سکیں گے، جس کا مقصد بچوں میں ریاضی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں بین الاقوامی سطح کے ریاضیاتی مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔منتظمین کے مطابق مقابلے کا پہلا مرحلہ 31 اکتوبر، یکم نومبر ، 2 نومبر 2026 کو آن لائن منعقد ہوگا، جس میں طلبہ اپنے گھروں سے شرکت کر سکیں گے۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کے لیے ایک لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے 500 طلبہ کو ریاضی، کمپیوٹر سائنس اور انگریزی کے اولمپیاڈ پروگرام میں ایک سال کی مفت آن لائن تعلیم فراہم کی جائے گی۔اسی طرح جماعت پنجم کے چار بہترین طلبہ کو تاشقند میں منعقد ہونے والے TASIMO مقابلے میں شرکت کے لیے سفری و دیگر اخراجات سمیت معاونت فراہم کی جائے گی۔ نمایاں طلبہ کے لیے سنڈر STEM اسکول میں ضرورت کی بنیاد پر مالی معاونت کے ساتھ داخلے کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔پاکستان میتھ کانٹیسٹ میں رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہے اور کسی بھی مرحلے پر کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 28 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے والدین اور طلبہ ویب سائٹ virtual.sundarstem.edu.pk/pmc کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔طلبہ کی تیاری کے لیے ILM (I Love Math) کے ذریعے مفت مشق اور اولمپیاڈ طرز کے سوالات کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق یہ مقابلہ بچوں میں ریاضیاتی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور تعلیمی اعتماد کو فروغ دینے کا اہم موقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں