اسلام آباد (سپورٹس نیوز)پاکستان نے ورلڈ چیس اولمپیاڈ 2026 میں اوپن سیکشن کی کیٹیگری ڈی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔ازبکستان میں منعقدہ ورلڈ چیس اولمپیاڈ میں 200 ممالک نے شرکت کی جہاں پاکستان نے ڈی کیٹیگری میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ پاکستان نے اپنی کیٹگری کے پہلے میچ میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کیخلاف میچ کا بائیکاٹ کیا تھا جس کے بعد اگلے رانڈز میں سیشلز، سان مارینو، کیمن آئی لینڈز، ایل سلواڈور کو شکست دی۔ یمن اور مصر کیخلاف میچ ڈرا جبکہ جنوبی افریقہ اور کولمبیا کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سید ذیشان علی نقوی نے ایونٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جنہوں نے شاندار کامیابی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کرنے پر کھلاڑیوں کو مبارکباددی۔




