لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان نے بنگلہ دیش کو 3ٹی 20میچز کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں محمد حارث نے 46گیندوں پر 107رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی’تیسرے اور آخری ٹی 20کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔پاکستان کی دعوت پر بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹ پر 196اسکور کیے اور گرین شرٹس کے لیے 197رنز کا ہدف سیٹ کیا۔پاکستان کی طرف سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے بیٹنگ شروع کی، 8کے اسکور پر پہلی وکٹ گری، صاحبزادہ فرحان صرف 1رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ پر صائم ایوب اور محمد حارث 92رنز کی شراکت قائم کی، صائم ایوب 29گیندوں پر 45رنز بناکر لوٹ گئے، ان کی اننگز 4چھکوں اور 2چوکوں سے مزین تھی۔اس کے بعد حسن نواز نے 13گیندوں پر 26رنز بنائے اور کریز چھوڑ گئے، جس کے بعد کپتان سلمان آغا نے 15رنز ناٹ آئوٹ اور محمد حارث نے 107رنز کے ساتھ میچ 17 اعشاریہ 2 اوورز میں پورا کر دیا۔پاکستان نے بنگلادیشی ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا اور میچ 7وکٹ سے جیت لیا۔ اس سے قبل بنگلادیش کے پرویز حسین نے 66اور تنزید حسن نے 42رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جس کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 6وکٹ پر 196رنز بنائے، پاکستان کے حسن علی اور عباس آفریدی نے 2، 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولر حارث روف کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا۔پاکستانی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، حسن نواز، سلمان علی آغا، شاداب خان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، حسن علی، عباس آفریدی اور ابرار احمد شامل تھے۔بنگلا دیشی فائنل الیون میں تنزید حسن، لٹن داس، توحید ہردوئی، ذاکر علی، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، پرویز حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود، خالد احمد اور رشاد حسین شامل تھے۔




