پاکستان کے پہلے لگژری میڈیکل ٹورازم سنٹر کے قیام کا منصوبہ

اسلام آباد(بیوروچیف) اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل(ایس آئی ایف سی) اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے لگژری میڈیکل ٹوئر ازم ماڈل سینٹر کے قیام کیمنصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ پاکستان 144 ارب ڈالر مالیت کی عالمی صنعت میں اپنا شیئر حاصل کرنے کا خواہاں ہے، جس میں اس وقت پاکستان کا حصہ نہایت معمولی، صرف 0.5 فیصد ہے۔ یہ اقدام اس وقت شروع ہوا جب پلاسٹک اینڈ کاسمیٹک سرجن ڈاکٹر محمد سلمان خان نے ایس آئی ایف سی سیکریٹریٹ کو خط لکھ کر 25 ہزار مربع فٹ تک اراضی یا تعمیر شدہ جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ مستقبل میں توسیع کی گنجائش کے ساتھ فائیو اسٹار لگژری میڈیکل سینٹر قائم کیا جا سکے۔ اپنے خط میں ڈاکٹر سلمان خان نے موقف اختیار کیا کہ کاسمیٹک سرجری اور دندان سازی مجموعی طور پر عالمی میڈیکل ٹوئر ازم کی تقریبا 35 فیصد سرگرمی پر مشتمل ہیں، جبکہ پاکستان کے ماہر ڈاکٹر ترکی، امریکا اور برطانیہ میں وصول کی جانے والی لاگت کے مقابلے میں معمولی اخراجات پر بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔ ایس آئی ایف سی نے فوری طور پر 5 اگست کو اپنے سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا، جس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، جناح میڈیکل کمپلیکس (جے ایم سی) اور طبی ماہرین کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے منٹس کے مطابق ڈاکٹر سلام نے مرحلہ وار منصوبہ پیش کیا، جس کا آغاز اسلام آباد میں پریمیم میڈ سوئٹس سے ہوگا، اس کے بعد ایک مخصوص میڈیکل ٹوئر ازم سینٹر قائم کیا جائے گا اور بالآخر ایک مکمل اسلام آباد میڈیکل سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ شرکا نے نشاندہی کی کہ پاکستان کو مسابقتی برتری نمایاں طور پر کم علاج معالجے کے اخراجات، مستند ماہرین کی بڑی تعداد اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی کمیونٹی کی صورت میں حاصل ہے، جسے قدرتی طور پر اس منصوبے کے پہلے صارفین کا بنیادی حلقہ تصور کیا جا رہا ہے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایستھیٹک ٹوئر ازم، وسیع تر میڈیکل ٹوئر ازم سے ایک الگ کاروباری ماڈل ہے اور وفاقی دارالحکومت میں ایک مخصوص لگژری ایستھیٹک ٹوئر ازم سینٹر کا قیام ایسی صنعت کی بنیاد رکھنے میں مدد دے گا جو ہزاروں مریضوں کو پاکستان لانے اور ملک میں قیمتی زرمبادلہ لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اجلاس میں حکام نے زور دیا کہ اسلام آباد اپنے پرفضا ماحول، سکیورٹی اور عالمی معیار کے رہائشی معیار کے باعث ملک کی پہلی ایسی سہولت کے قیام کیلئے موزوں ترین مقام ہے، جہاں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے اعلی معیار کی طبی سہولیات کو فائیو اسٹار تجربے کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔ اجلاس کا اختتام ٹھوس ہدایات کے ساتھ ہوا۔ سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر فالو اپ اجلاس طلب کرے، جس میں ڈاکٹر سلمان خان، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ فریقوں کو شامل کرکے منصوبے کی تجویز پر تفصیلی غور کیا جائے۔ ماہرین کو ہدایت کی گئی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں مجوزہ منصوبے کیلئے جامع سرمایہ کاری، تجارتی اور مالیاتی فزیبلٹی اسٹڈی پیش کی جائے۔ الگ سے ایس آئی ایف سی سے کہا گیا کہ وہ ماہر ڈاکٹروں اور اسلام آباد کے معروف فائیو اسٹار ہوٹلوں کے نمائندوں کے درمیان فوری طور پر اجلاس کا اہتمام کرے تاکہ تجارتی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکے اور مخصوص میڈیکل ٹوئر ازم سہولیات کے قیام کی عملی فزیبلٹی کا جائزہ لیا جا سکے۔منصوبے کیلئے مقررہ مدت کے مطابق پیش رفت شروع ہو چکی ہے اور متعدد سرکاری ادارے اس میں شامل ہیں، ایس آئی ایف سی کی یہ کوشش اس کے اس ارادے کی عکاسی کرتی ہے کہ اسلام آباد کو پاکستان کی سیاحت اور صحت کی معیشت کے ایک نئے، بلند قدر والے شعبے کے آغاز کے مرکز کے طور پر متعارف کرایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں