اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی ایپ کے صارفین کیلیے شناختی دستاویزات کی تیاری کے دوران پیش آنے والی خامیوں کو دور کرنے اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ جب کوئی شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرواتا ہے تو نادرا اس پر کارروائی کا آغاز کرتا ہے۔ اگر کسی درخواست میں کوئی دستاویز کم ہو یا کوئی غلطی پائی جائے تو درخواست گزار کو موبائل ایپ پر ہی اطلاع بھیجی جاتی ہے تاکہ وہ کمی کو پورا کر سکے۔ہوم اسکرین پر موجود NADRA Miscellaneous Services میں جائیں اور اپ لوڈ ڈاکومنٹس کے آئیکن پر کلک کریں۔ اپنی درخواست کی ٹریکنگ آئی ڈی اور پن کوڈ درج کر کے گیٹ ڈیٹیلز پر کلک کریں۔ اسکرین پر مطلوبہ دستاویزات کی فہرست ظاہر ہوگی جس دستاویز کو اپ لوڈ کرنا ہے اس کا انتخاب کریں۔ موبائل سے فائل منتخب کرنے کے لیے Browseیا براہ راست تصویر کھینچنے کیلیے Capture کا بٹن استعمال کریں۔ تمام ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد اسکرین پر کامیابی کا پیغام ظاہر ہوگا اور آپ کی درخواست خودکار طور پر دوبارہ جمع ہو جائے گی۔ نادرا کے مطابق اس ڈیجیٹل سہولت کا مقصد شہریوں کو نادرا دفاتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے اپنی شناخت کی تصدیق اور دستاویزات کی درستگی کا موقع فراہم کرنا ہے۔




