کمالیہ(نامہ نگار)پسند کی شادی پر نوجوان پر مبینہ تشدد، سر کے بال، بھنویں اور مونچھیں مونڈ کر منہ کالا کر دیا پسند کی شادی کرنے والے نوجوا ن کو مبینہ طور پر تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنانے کا واقعہ رجانہ کے نواحی گاؤں 266گ ب میں پیش آیا، جہاں ملزمان نے نوجوان کے سر کے بال، بھنویں اور مونچھیں مونڈ دیں اور مبینہ طور پر منہ کالا کرکے اسے قبرستان میں چکر لگانے پر مجبور کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 4 اکتوبر کو پیش آیا، جبکہ مبینہ تشدد کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ واقعے کے بعد تھانہ رجانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 نامزد جبکہ 3 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزم کی سابقہ اہلیہ مہوش بی بی نے مبینہ طور پر طلاق کے بعد تشدد کا شکار نوجوان تصور سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر رنجش کے باعث نوجوان کو مبینہ تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنایا گیا۔مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے ، جبکہ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او فضل عباس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




