لاہور (بیوروچیف) پنجاب صاف پانی اتھارٹی (پی ایس پی اے) کے آٹھویں گورننگ باڈی اجلاس میں صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس کی صدارت گورننگ باڈی کے چیئرمین چوہدری زاہد اکرم نے کی، جبکہ سی ای او سید علی اصغر نے اراکین کو ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے تمام فلٹریشن پلانٹس پر واٹر یوزر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جن کا دائرہ کار 7سے 11ارکان پر مشتمل ہوگا۔ ان کمیٹیوں میں کم از کم 2 خواتین ارکان کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ کمیونٹی کی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔اتھارٹی کے مطابق پنجاب صاف پانی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 5,703واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے عوام کو صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔ سی ایم صاف پانی پروگرام کے فیز ون اور فیز ٹو پر بھی تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔




