ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا خصوصی دورہ کیا اور ضلع کے مختلف علاقوں میں فوڈ یونٹس کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی کی۔ کارروائیوں کے دوران تین فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی گئی، ایک یونٹ بند کر دیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 16لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کارروا ئیو ں کے دوران ناقص، ایکسپائر اور ممنوعہ اشیائے خورونوش کی بھاری مقدار تلف کر دی۔ تلف کی جانے والی اشیا میں 1,173 لیٹر بیورجز، 1,998 کلوگرام گھی، 1,240 کلوگرام ایکسپائر سویاں، 147 کلوگرام دودھ پاڈر، 1,628 کلوگرام نمک، 250 کلوگرام اسٹارچ، 516 پیکٹ گٹکا، 100 کلوگرام ریسپی مکس، 100 لیٹر کیک سیرپ، 150 کلوگرام ایکسپائر بسکٹ، 100 لیٹر آئل، 173 کلوگرام پیکنگ میٹریل اور 675 کلوگرام ناقص دال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 298 خالی بوتلیں اور 60 کلوگرام سے زائد دیگر ممنوعہ اشیا بھی تلف کی گئیں۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق معائنے کے دوران مختلف فوڈ یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، ٹوٹے ہوئے فرش، تعفن زدہ ماحول اور حشرات کی بھرمار پائی گئی۔ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، جبکہ اسٹارچ، بسکٹ، آئل، فلیورز اور ریسپی مکس سمیت مختلف اجزا کا معیار بھی ناقص پایا گیا۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز فرحان احمد، ڈائریکٹر آپریشنز سنٹرل زون خواجہ عمیر احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر بھی ہمراہ تھے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے کہا کہ عوامی صحت کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور خوراک میں ملاوٹ و جعل سازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔




