لاہور(بیوروچیف) صوبہ پنجاب میں لاپتہ اور مغوی خواتین سے متعلق تفصیلی رپورٹ آئی جی پنجاب کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 1853خواتین تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں مقدمات مختلف مراحل میں زیرِ تفتیش ہیں۔عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں لاپتہ اور مغوی خواتین کے مجموعی طور پر 3252 مقدمات زیرِ تفتیش ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سماعت کے بعد پولیس نے 1405خواتین کو بازیاب کروا لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اب بھی 1853خواتین لاپتہ ہیں جن کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 2145مقدمات کی تفتیش 1927تربیت یافتہ پولیس افسران کر رہے ہیں تاکہ کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔آئی جی پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1847مقدمات میں تفتیش کا عمل ابھی جاری ہے ۔




