کمالیہ(نامہ نگار)حکومتِ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں منتخب علاقوں کو ماڈل تحصیلوں میں تبدیل کرنے کے لیے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کمالیہ کو بھی ماڈل تحصیل قرار دے دیا گیا ہے حکومتِ پنجاب نے کمالیہ کی ترقی اور شہری مسائل کے حل کے لیے پانچ ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ اس ترقیاتی پیکج کے تحت شہر میں جدید طرز کے پارکس، سرسبز پلے گرانڈز، ٹف ٹائلز، سیوریج سسٹم کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق جاری کیے گئے فنڈز سے شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا ۔ مختلف منصوبوں پر عملی کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔ شہریوں کی نظریں اب ان منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر مرکوز ہیں، کیونکہ ان کی کامیابی کمالیہ کو ایک جدید، خوبصورت اور ماڈل تحصیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔




