پنجاب کی ترقی کے سنہری دور کی طرف گامزن ہیں،مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ اسمبلی نے ملاقات کی جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا گیا ‘ ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے پنجاب بھر میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و توسیع، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اورصاف پانی کی فراہمی کے لیے جاری ماڈل ولیج منصوبوں کو سراہا،اس کے ساتھ ساتھ دیہات میں بھی پہلی مرتبہ شہروں کی طرز پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مربوط صفائی نظام کے نفاذ کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 13ہزار سے زائد سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کا کام جاری ہے جسے ارکانِ اسمبلی نے قابلِ تحسین قرار دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب کی ترقی کا ایک نیا اور سنہری دور شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تین ہزار سے زائد مراکز صحت کو جدید اور معیاری سٹیٹ آف دی آرٹ کلینکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس سے صوبے میں صحت کے شعبے کا کلچر تبدیل ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ پہلا سرکاری آٹزم اسکول خصوصی بچوں کے لیے امید کی کرن ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سے مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آئی ہیں، جبکہ ہر ضلع میں کیتھ لیب کے منصوبے سے دل کے امراض کا فوری اور موثر علاج ممکن بنایا جا رہا ہے، اسی طرح ہر ضلع میں فالج کے فوری علاج کے لیے اسٹرک مینجمنٹ سنٹر بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اپنا چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ بے روزگار اور بے زمین کاشتکاروں کے لیے اپنا کھیت، اپنا روزگار منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ الیکٹرک بس سروس کے ذریعے پنجاب کے دور دراز دیہات تک عوام کو آرام دہ اور مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں