لاہور(بیوروچیف) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال میں محکمہ سکول ایجوکیشن کیلئے 170 ارب روپے بجٹ مختص کرنیکی تجویز تیار کر لی۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں محکمہ سکول ایجوکیشن کا بجٹ 100ارب روپے ہے جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں 70ارب روپے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے طالبا ت کو مفت یونیفارم فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ بچیوں کے لیے مفت سائیکل سکیم شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ ان کی سکولوں تک رسائی بہتر بنائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق آئوٹ سورس سکولوں کیلئے40ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کرنیکی تجویز دی گئی ہے جبکہ پنجاب ایجو کیشن مینجمنٹ اتھارٹی (پیما)کیلئے5ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔بجٹ تجاویز میں نئے کلاس رومز کی تعمیر، سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے خصوصی فنڈز شامل کرنیکی تجو یز بھی دی گئی ہے۔ محکمہ سکول ایجو کیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں بچیو ں کی تعلیم اور سکولو ں میں سہولیات کی بہتری کو خصوصی ترجیح دی جائیگی۔




