لاہور(بیوروچیف)پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے سب سے بڑے کتاب میلے میں حتمی اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 30 ہزار سے زاید کتب کی فروخت نے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ اس موقع پر اپنے بیان میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کتب کی فروخت کتابوں سے محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے دور میں سستی کتب کی فراہمی مطالعے کی عادات کے فروغ کا باعث بنے گی۔ کتاب علم کا منبع ہے، کتاب کی اہمیت کبھی بھی ختم نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ کتاب کلچر کے فروغ کے لئے ایسی سرگرمیاں لازمی ہیں مناسب قیمت نوجوانوں اور کتابوں میں تعلق استوار کرنے میں معاون ثابت ہو گی، ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ کتاب میلے میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور نوجوانوں اور بچوں نے بہت شوق سے کتابیں خریدیں ۔پنجاب یونیورسٹی کے کتاب میلے میں اس بار بھرپور لیٹریری فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا گیاجس میں ملک کے معروف مصنفوں کی کتابوں کی تقریب رونمائی اور محفل مشاعرہ بھی ہوا اورپنجاب یونیورسٹی کے بچوں کو اپنی تخلیقات اور بزنس آئیڈیازکو پیش کرنے کا بھی موقع دیا گیا۔




