پولیس اور چیمبر کے درمیان رابطوں کو بہتر بنایا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بزنس کمیونٹی کی معاونت سے امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے سٹی پولیس آفیسر تنویرحسین سے اُن کے دفتر میں پہلی ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ ، نائب صدر انجینئر عاصم منیر اور دیگر ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے جرائم پر قابو پانے میں کافی مدد ملی ہے جس سے صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فیصل آباد چیمبر کے درمیان رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا تا کہ مسائل کو باہمی صلاح مشورہ سے حل کیا جا سکے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے تنویر حسین کی فیصل آباد تعیناتی کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی اور دیگر سرکاری محکموں کے درمیان قریبی روابط پر یقین رکھتے ہیں تاکہ ہم مل کے مسائل کی نشاندہی اور اُن کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا سکیں۔ انہوں نے سٹی پولیس آفیسر کو بزنس کمیو نٹی کی طرف سے بھر پور تعاون کایقین دلایا اور انہیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے باضابطہ دورے کی بھی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں