پولیس بے بس،ڈاکوؤں اور چوروں کے گروہوں کی لوٹ مار رک نہ سکی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ17مقامات پر لوٹ مار کرتے ہوئے بھاری مالیت کا مال واسباب لوٹ کر لے گئے، موٹر سائیکل چوروں کا گروہ 5شہریوں کو پیدل کر گیا، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ تفصیل کے مطابق مبارک پورہ کے زاہد حسین سے نقدی و فون چھین لیا، علی ٹائون کے نواز کے گھر سے قیمتی سامان چوری، محمود کالونی کے ظفر اقبال کے گھر سے زیورات نقدی اور سامان چور لے اڑے، جڑانوالہ روڈ پر ارشاد سے10ہزار و فون چھین لیے، تحصیل ہسپتال جڑانوالہ کے قریب عابد سے10ہزار و فون چھین لیا،469گ ب کے ساجد کے ڈیرہ سے 5بکرے چوری، 166گ ب کے زبیر کے رقبہ سے ٹرانسفارمر چوری، سمن آباد کالج روڈ پروحید کی دکان سے قیمتی سامان چوری، 110گ ب کی رانی بی بی سے لاکھوں کے زیورات اتروا کر فرار ہو گئے، 445گ ب کے خلیل کی حویلی سے مویشی چوری، 228ر۔ب کے فیاض کے گھر کا صفایا کر دیا گیا، مکوآنہ کے زوار سے12ہزار اور فون چھین لیا دیگر وارداتوں میں بھاری مالیت کا سامان لوٹ لیا، جبکہ سمندری روڈ پر طارق، پل کوریاں روڈ پر اقبال، 218ج ب کے شہباز، 471گ ب کے اصغرعلی اور قصبہ تاندلیانوالہ کے امیر علی اور دیگر کی موٹر سائیکلیں چور لے اڑے۔ پولیس شہر بھر کی ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں اور چوروں کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں